لکھنؤ ، 5؍اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے انتخابات میں کئے گئے وعدے کو نبھاتے ہوئے چھوٹے اور معمولی کسانوں کے ایک لاکھ روپے تک کا قرض معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہیں ریاست کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے اسے ناکافی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔کسانوں کے قرضہ معافی فیصلے کی سماجوادی پارٹی نے تنقید کی ہے جبکہ کانگریس نے اسے سراہا ہے۔یوپی کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے اس فیصلے کو کسانوں کے ساتھ دھوکہ بتایا ہے جبکہ کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے اس فیصلے کی تعریف کی ہے۔
بتا دیں کہ منگل کو اتر پردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے اپنی کابینہ کی پہلی ہی میٹنگ میں ریاست کے کسانوں کو جو ایک لاکھ روپے تک کی قرض معافی دی گئی۔ یوپی کے سابق وزیر اعلی اور سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے اونٹ کے منہ میں زیرہ بتاتے ہوئے اسے کسانوں کے ساتھ دھوکہ بتایا۔ یوگی حکومت کی طرف سے جیسے ہی کسانوں کے قرضہ معافی کے فیصلے کا اعلان کیا گیا اکھلیش یادو کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا۔ اکھلیش نے ٹویٹ کیا کہ وعدہ مکمل قرض معافی کا تھا، کسی حد کا نہیں۔ ایک لاکھ کی حد سے کروڑوں کسان ٹھگا سا محسوس کر رہے ہیں. یہ غریب کسانوں کے ساتھ دھوکہ ہے۔
وہیں کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے ریاستی حکومت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش کی حکومت کا زراعت قرضہ معافی کا فیصلہ کسانوں کے لئے جزوی رحت ہے، لیکن یہ صحیح سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اس وسیع بحران کو لے کر قومی سطح پر قدم اٹھانا چاہئے ۔راہل نے کہا کہ مرکز کو ریاستوں کے درمیان امتیازی سلوک نہیں کرنا چاہئے اور بحران کا سامنا کر رہے ملک بھر کے کسانوں کے ساتھ سیاست نہیں کی جانی چاہئے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھاکہ یہ اتر پردیش کے کسانوں کے لئے جزوی راحت ہے لیکن یہ صحیح سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے، بحران میں پھنسے کسانوں کے لئے قرض معافی کی کانگریس نے ہمیشہ سے حمایت کی ہے۔
اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی بی جے پی حکومت نے ریاست کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کے لئے 36،359 کروڑ روپے کی قرض معافی کا اعلان کیا تھا۔ راہل نے ٹویٹ کیاکہ مجھے خوشی ہے کہ بالآخر بی جے پی کو وجہ دیکھنے کے لئے مجبور کیا جا سکا لیکن ملک بھر کے شکار کسانوں کے ساتھ ہمیں سیاست نہیں کرنی چاہئے۔انہوں نے لکھا ہے کہ مرکزی حکومت کو اس وسیع بحران کو لے کر قومیسطح پر قدم اٹھانا چاہئے اور ریاستوں کے درمیان امتیازی سلوک نہیں کرنا چاہئے۔ کانگریس ملک بھر میں اسی طرز پر قرض معافی کے لئے دباؤ بنا رہی تھی جیسا یوپی اے سرکار کے وقت میں ہوا تھا۔ بی جے پی کے انتخابی وعدے کو پورا کرتے ہوئے یوگی حکومت نے کل چھوٹے اور معمولی کسانوں کے لئے ایک لاکھ روپے تک کے زرعی قرض معاف کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔ قرض معافی کا کل ڈیٹا 36359 کروڑ روپے ہے۔